کیون پیٹرسن مستقل سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب
لندن: انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی ) نے اسٹار بلے باز کیون پیٹرسن کو دوبارہ مستقل سینٹرل کنٹریکٹ دے دیا ہے۔
انگلینڈ کی محدود اوورز کی ٹیم کے کوچ ایشلے جائلز نے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ نے باضاطہ طور پر پیٹرسن کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کی منظوری دی ہے۔
ای سی بی نے گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران پیٹرسن کا کنٹریکٹ ختم کر دیا تھا اور بعدازاں اختلافات دور ہونے کے بعد انہیں چار ماہ کا عارضی کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔
اس دوران پیٹرسن نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بورڈ حکام کی توجہ حاصل کی جس پر وہ انہیں دوبارہ مستقل کنٹریکٹ دینے پر مجبور ہو گئے۔
وہ سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ پیٹرسن کا کنٹریکٹ دوسرے کھلاڑیوں کی طرح کا ہی ہے جس کی میعاد 30 ستمبر تک ہے۔
یاد رہے کہ پیٹرسن کو رواں سال اگست میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو کپتان اینڈریوسٹراس کے حوالے سے ٹیکسٹ پیغامات بھیجنے پر ٹیم سے ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم کر دیا گیا تھا۔
اس تنازع کے بعد پیٹرسن نے نہ صرف کپتان بلکہ ٹیم منیجمنٹ سے بھی معذرت کی تھی جس کے بعد ای سی بی نے ان کے ساتھ چار ماہ کا نیا کنٹریکٹ سائن کیا تھا۔
