پنجاب حکومت کی پولیس کی نفری فراہم کرنے سے معذرت
اسلام آباد: پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کو لانگ مارچ کے لیے پولیس کی نفری فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وفاق نے لانگ مارچ کی سیکورٹی کے لیے پنجاب حکومت سے پولیس کی نفری مانگی تھی۔
خیال رہے کہ ابھی جبکہ چھ دن باقی تھے کہ انتظامیہ نے دارالحکومت کے حساس علاقوں کو کنٹینرز اور خاردار تاروں کے ذریعے سیل کرنے کا آغاز کردیا۔
حالانکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس ضمن میں اسلام آباد کی انتظامیہ کو واضح احکامات نہیں ملے تھے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت لانگ مارچ کی حمایت نہیں کر رہی اور یہ کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں سیکیورٹی خدشات ہیں، طاہر القادری کو حالات کو مدنظر رکھنا چاہئے کیونکہ لانگ مارچ کی سیکیورٹی کے لئے 25 کروڑ روپے درکار ہیں۔
اس کے علاوہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کا بیان بھی منظر عام پر آگیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی نے طاہر القادری کے لانگ مارچ پر حملے کی کوئی دھمکی نہیں دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ طاہر القادری سے نظریاتی اور عقیدے کا اختلاف ضرور ہے ، لیکن یہاں طالبان کا نام سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
