نیوزی لینڈ کی اننگ کے ہیرو ولیمسن تھے جنہوں نے 145 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، جنوبی افریقہ کی اس ہار کے پیچھے خراب رننگ اور کیویز کی بہترین فیلڈنگ کا بھی ہاتھ تھا جس کے باعث میچ میں پانچ پروٹیز کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
پابندی کا شکار اے بی ڈی ویلیئرز کی جگہ کپتانی کے فرائض انجام دینے والے قائم مقام جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی اننگ کا آغاز تباہ کن تھا اور صفر کے اسکور پر مارٹن گپٹل بغیر کوئی رن بنائے کلین ویلڈٹ کی گیند پر حریف کپتان کو کیچ دے بیٹھے۔
اسکور 32 تک ہی پہنچا تھا کہ دوسرے اوپنر بی جے واٹلنگ کو مورنے مورکل نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
اس کے بعد کین ولیمسن اور گرانٹ ایلیٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلیے 127 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی۔
ایک سو 59 کے اسکور پر ایلیٹ 48 رنز کی ذمے دارانہ اننگ کھیلنے کے بعد کلین ویلڈٹ کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
دوسری جانب ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کر لی، 188 کے اسکور پر برینڈن میک کولم 17 رنز بنانے کے بعد مورکل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد ایک اینڈ سے وقفے وقفے سے کیویز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم دوسرے اینڈ پر ولیمسن ڈٹے رہے۔
دو سو گیارہ کے اسکور پر سات کیوی بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد ولیمسن نے ناتھن میک کولم کے ساتھ 34 رنز کا اضافہ کیا اور پھر نویں وکٹ کیلیے کائیل ملز کے ساتھ مزید 34 رنز جوڑ کر مقررہ اوورز میں اپنی ٹیم کا مجموعہ 279 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ولیمسن 145 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، اس دوران انہوں نے 17 دلکش چوکے اور ایک فلک بوس چھکا بھی جڑا۔
جنوبی افریقہ نے ہدف کلا تعاقب شروع کیا تو 38 کے اسکور پر اس کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب ملز نے 25 رنز بنانے والے کوئنٹن ڈی کوک کی وکٹیں بکھیر دیں۔
اس کے بعد گریم اسمتھ اور کولن انگرام نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلیے 129 رنز کی شراکت قائم کی، 167 کے اسکور پر اسمتھ 66 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
اسکور میں سات رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ ان فارم کھلاڑی اور قائم مقام جنوبی افریقی قائد فاف ڈیو پلیسی بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اسکور 180 تک پہنچا تو ناتھن میک کولم نے انگرام کو واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا، وہ 79 رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوئے۔
اس موقع پر ڈیوڈ ملر اور فرحان بہارڈین نے اسکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھانا شروع کیا تاہم جنوبی افریقہ کی بدقسمتی نے اس کا ساتھ نہ چھوڑا اور 211 کے اسکور پر ملر، بہارڈین کے ریٹرن شاٹ پر رن آؤٹ ہو گئے، گیند جس وقت باؤلر ناتھن کے ہاتھ سے لگ کر وکٹ سے ٹکرائی اس وقت ملر کریز سے باہر تھے۔
اسکور میں چار رنز کے اضافے سے فرینکلن نے ریان میک لیرن جبکہ مزید ایک رن کے اضافے سے کلین ویلڈٹ بھی رن آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی جیت کی آخری امید بہارڈین تھے تاہم وہ بھی 31 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین چلتے بنے، یہ جنوبی افریقی اننگ کا پانچواں رن آؤٹ تھا۔
اس کے بعد جنوبی افریقی ٹیم مزید کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور پوری ٹیم 252 کے اسکور پر پویلین سدھار گئی اور کیویز نے میچ میں 27 رنز ےس کامیابی حاصل کر لی۔
کین ولیمسن کو ان کی شاندار اننگ پر بلاشبہ میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سیریز میں بھی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
یہ نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ کیخلاف اسی کی سرزمین پر پہلی سیریز کی فتح ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 25 جنوری کو پوچف اسٹروم میں کھیلا جائے گا۔