ہمیں بدلتے وقت کے ساتھ تبدیل ہونا ہوگا: اوبامہ
واشنگٹن: امریکی صدر بارک اوبامہ نے دوسری مدت کیلئے صدارتی عہدے کا با ضابطہ حلف اٹھا لیا۔ دنیا بھر سے اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
پیر کو امریکی صدر باراک اوبامہ نے دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونے کے بعد عہدے کا باضابطہ حلف اٹھا لیا جبکہ جو بائیڈن نے بھی نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
صدر باراک اوبامہ 2016ء تک امریکہ کے صدر رہیں گے۔
عوامی تقریب حلف برداری میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی اپنی اہلیہ اور سابق سیکریٹری اسٹیٹ ہیلری کلنٹن کے ہمراہ شریک تھے۔
باراک اوبامہ کی اہلیہ مشعل اوبامہ اور ان کے بچے بھی تقریب میں صدر کے ساتھ تھے۔
باراک اوبامہ نے گزشتہ سال نومبر میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار مٹ رومنی کو صدارتی انتخابات میں شکست دی تھی۔ صدر اوبامہ نہ 2009ء میں پہلے سیاہ فارم امریکی صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے سامنے 9 لاکھ سے زائد افراد تقری کے موقع پر موجود تھے۔
حلف برداری کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوبامہ نے کہا کہ امریکیوں کو سخت چیلنجز کا سامنا رہا ہے جن سے عوامی اتحاد کے ذریعے ہی بہتر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا امریکی عوام کو پہلے سے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر اوبامہ نے کہا کہ وہ افریقا، ایشیا اور مشرق وسطٰی میں بھی جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ اب جنگوں کا زمانہ بیت گیا ہے اور ہمیں بدلتے وقت کے ساتھ تبدیل ہونا ہوگا۔
