بی جے پی کے صدر آج منتخب ہونگے
نئی دہلی: ہندوستان کی اہم اپوزیشن پارٹی ایک کرپشن تنازعہ کے بعد بدھ کو اپنا نیا سربراہ منتخب کرنے جارہی ہے۔
یہ پیشرفت ایسے موقع پر سامنے آرہی ہے جب عام انتخابات میں صرف ایک سال باقی رہ گیا ہے۔
یاد رہے کہ ہندو قوم پرست تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر نتن گڈکاری، جو 2009ء سے پارٹی کے سربراہ تھے، نے ریاست مہاراشترا میں ہوئی آب پاشی کے کام میں مبینہ کرپشن کے الزام کے بعد منگل کو اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
گڈکری کو وسیع پیمانے پر ہے بی جے پی کو پھر سے اوپر لانے میں ناکام رہنما کی نظر سے دیکھا جاتا ہے جبکہ انتخابات سے صرف ایک سال قبل قیادت کی منتقلی پارٹی کے لیے ایک اور دھچکا ہے۔
پارٹی کی ایک اہم شخصیت نے اے ایف پی کو شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بی جے پی کے سینیئر رہنما راجناتھ سنگھ کو صدر منتخب کیا جائے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 61 سالہ سنگھ 2005ء سے 2009ء تک پارٹی کے صدر رہ چکے ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی یہ مشکلات اس وقت سامنے آئی ہیں جب حالیہ دنوں میں کانگریس نے راہول گاندھی کو پارٹی کا نائب صدر منتخب کیا ہے۔
بی جے پی 2009ء کے بعد کانگریس پارٹی کے خلاف ہونے والے کرپشن اسکینڈلز سے بھی فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔
دوسری جانب پارٹی کے اندرونی تنازعات نے بھی بی جے پی کے مفادات کو نقصان پہچایا ہے۔
