ویڈیوز

More on This Link

Popular News

دھونی ہندوستان کے کامیاب ترین کپتان


نئی دہلی: آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ہندوستان کپتان مہندرا سنگھ دھونی ہندوستان کے کامیاب ترین کپتان بن گئے، انہوں نے یہ اعزاز حیدر آباد ٹیسٹ میں حاصل کیا۔
یاد رہے کہ ہندوستان نے حیدرآباد میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو اننگ اور 135 رنز سے شکست دی اور اس فتح کے ساتھ ہی دھونی ہندوستان کے کامیاب ترین کپتان بھی بن گئے
دھونی کی یہ بطور کپتان 45 ویں میچ میں 22 ویں فتح تھی، اس سے قبل یہ اعزاز سابق کپتان سارو گنگولی کو حاصل تھا جنہوں نے کپتان کی حیثیت سے 49 میچوں میں اپنی ٹیم کو 21 مرتبہ کامیابی دلائی۔
میچ کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہمارے ڈریسنگ روم پر نظر دوڑائیں تو ہمیں اس بات کی قطعاً کوئی فکر نہیں کہ کس نے کتنے میچ جیتے، سب سے اہم چیز ٹیسٹ میچ جیتنا ہے۔
ہندوستانی کپتان نے کہا کہ ہم جتنی مستقل مزاجی سے پرفرام کریں گے، اتنا ہی یہ ٹیم کیلیے اچھا ہو گا، میرا نہیں خیال یہ نمبر ٹیم کیلیے کوئی خاص اہمیت کا حامل ہے، اہم چیز ہے تو یہ کہ گزشتہ دونوں میچز میں ہم نے واقعی انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
دھونی کا کہنا ہے کہ ان تمام فتوحات کا کریڈٹ ان تمام کھلاڑیوں کو جاتا ہے جو ٹیم کا حصہ تھے، میں خوش قسمت ہوں کے میری ٹیم میں ورلڈ کلاس کھلاڑی شامل ہیں جن کی بدولت یہ اعزاز حاصل ہوا۔
ہربھجن سنگھ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں 100واں میچ کھیلنے کی وجہ سے ان پر پریشر تھا اور وہ توقعات کے مطابق باؤلنگ نہیں کر سکے لیکن حیدرآباد ٹیسٹ میں انہوں نے یقیناً انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔
آسٹریلین ٹیم کو کوئی مشورہ یا تجویز دینے کے حوالے سے کہا کہ ہمیں کبھی بھی اپنے حریف کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے، آسٹریلیا ایک بہترین ٹیم ہے اور وہ ٹیسٹ سیریز میں واپسی کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلین ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک اننگ سے شکست پر خاصے برہم دکھائی دیے اور انہوں نے اس شکست کو ناقابل قبول قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دونوں ٹیسٹ میں انتہائی خراب باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا جس کا خمیازہ ہمیں شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ایک دوسرے سے تعاون نہیں کر رہے اور ہمارے طے کردہ معیار پر پورا نہیں اتر رہے، ہم نے شائقین کو خاصا مایوس کیا ہے لیکن ہم کوشش کریں گے اگلے دونوں ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں۔
پچ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیسٹ میچز کی پچ ٹیسٹ کرکٹ کیلیے بہترین تھی، حقیقت یہ ہے کہ ہم نے دونوں ٹیسٹ میں خراب پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جو انتہائی افسوسناک ہے۔

Posted by Unknown on 21:39. Filed under . You can follow any responses to this entry through the RSS 2.0

0 comments for دھونی ہندوستان کے کامیاب ترین کپتان

Leave comment

Recent Entries

Recent Comments

Photo Gallery

Blog Archive